جموں و کشمیر میں، کابینہ کی درخواست پر، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پہلگام دہشت گردانہ حملے پر بحث کے لیے کل قانون ساز اسمبلی کا ایک روزہ خصوصی اجلاس طلب کیا ہے۔ اس دہشت گردانہ حملے میں 25 سیاح اور ایک مقامی شخص ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوئے تھے۔ جموں کشمیر اسمبلی، دہشت گردانہ حملے میں جاں بحق ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرے گی۔ اس کے بعد اس افسوسناک واقعے اور متعلقہ امور پر بحث کی جائے گی۔ بعد ازاں، اس واقعہ کی شدید مذمت کے لیے ایک قرارداد منظور کی جائے گی۔ اس دہشت گردانہ حملے سے نہ صرف ملک، بلکہ دنیا بھر میں لوگ صدمے میں ہیں۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی صدارت میں 23 اپریل کو کابینہ کی میٹنگ ہوئی، جس میں پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد 28 اپریل کو لیفٹننٹ گورنر سے اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔×