بھارت-بحرالکاہل میں بحری اشتراک کو مستحکم بنانے کی ایک تاریخی پہل کے تحت بھارت، جاپان، امریکہ اور آسٹریلیا کی کوسٹ گارڈ نے بحری جہاز میں کواڈ مشاہد مشن کا آغاز کیا ہے، جو اس طرح کا اولین مشن ہے۔
پیش ہے ایک رپورٹ: V/C – Ashok Shukla
Wilmington اعلانیے کے تحت مذکورہ مشن میں ہر ملک کی خاتون افسروں سمیت دو افسر امریکی کوسٹ گارڈ کے Cutter Stratton میں سوار ہیں، جو فی الحال Guam جا رہا ہے۔ یہ اہم مشن کواڈ کے ممبر ملکوں کے مابین تال میل میں ایک نمایاں قدم ہے جس کا مقصد خطے میں مشترکہ تیاری کو بڑھاوا دینا، بیداری پیدا کرنا اور مختلف شعبوں کے درمیان مفاہمت کو فروغ دینا ہے۔ یہ قدم ستمبر 2024 میں کواڈ رہنماؤں کی سربراہ میٹنگ میں پیش کیے گئے نظریے سے بھی مطابقت رکھتا ہے اور ایک آزاد، کھلے، سب کی شمولیت والے اور ضابطوں پر مبنی بھارت-بحرالکاہل خطے کے تئیں عہد کو مضبوط کرتا ہے۔ اِس میں بھارت کے شامل ہونے سے خطے میں سبھی کیلئے سلامتی اور ترقی یعنی اُس کا کلیدی ساگر نظریہ اُجاگر ہوتا ہے اور اُس کی وسیع تر بھارت-بحرالکاہل سمندری پہل کو تقویت ملتی ہے، جس میں صلاحیت سازی، انسانی ہمدردی کی کوششوں اور بحری قانون کو سربلند رکھنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔