ہوائی جہازوں کے حادثات کی تحقیقات سے متعلق بیورو نے احمد آباد میں، ایئر انڈیا کا طیارہ گرنے کے واقعے کی باضابطہ چھان بین شروع کر دی ہے۔ شہری ہوابازی کے وزیر رام موہن نائیڈو نے کہا ہے کہ بین الاقوامی شہری ہوابازی تنظیم کے طے کردہ بین الاقوامی ضابطوں کے مطابق یہ تحقیقات کی جائے گی۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ سرکار اس معاملے کا تفصیل سے جائزہ لینے کیلئے مختلف شعبوں کے ماہرین پر مشتمل اعلیٰ سطح کی ایک کمیٹی تشکیل دے رہی ہے۔
اِدھر ٹاٹا گروپ کے چیئرمین این چندرشیکھرن نے اعلان کیا ہے کہ کمپنی اس حادثے میں اپنی جان گنوانے والے ہر شخص کے کنبے کو ایک-ایک کروڑ روپے فراہم کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹاٹا گروپ زخمی ہونے والوں کے علاج معالجے کا خرچ اٹھائے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ اُنہیں پوری دیکھ بھال اور مدد ملتی رہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹاٹا گروپ مدد کرنے کی اپنی کوششوں کے تحت BJ Medical College میں ایک نیا ہوسٹل تعمیر کرنے میں بھی مدد کرے گا۔
اِدھر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کل طیارہ گرنے کے واقعے کے چند گھنٹے بعد ہی احمد آباد گئے۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے جناب امت شاہ نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے سے پورا ملک صدمے میں ہے اور ملک کے سبھی عوام متاثرہ کنبوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
جناب امت شاہ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے اس واقعے کی باضابطہ تحقیقات پہلے ہی شروع کر دی گئی ہے۔
جناب امت شاہ احمد آباد سوِل اسپتال کے ٹراما سینٹر بھی گئے، جہاں کئی زخمیوں کا علاج چل رہا ہے۔ انہوں نے طبّی انتظامات کا جائزہ لیا اور ایمرجنسی دیکھ بھال کی نگرانی کرنے والے ڈاکٹروں اور اہلکاروں سے بات کی۔