کَل سموِدھان ہتیا دِوس منایا جائے گا۔ یہ اِس بات کی یاد دلاتا ہے کہ 25 جون 1975 کو جب بھارتی آئین کو پاؤں تلے روندا گیا تھا تو کیا ہوا تھا۔ یہ ہر اُس شخص کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن بھی ہے جسے بھارتی تاریخ کے سب سے تاریک مرحلے، ایمرجنسی کی زیادتیوں کی وجہ سے مشکلات سے گزرنا پڑا۔ اِس دن اُن سبھی افراد کے اہم رول کو یاد کیا جاتا ہے جنھوں نے 1975 کی ایمرجنسی کی غیر انسانی تکلیفوں کا سامنا کیا۔
پیش ہے ایک رپورٹ: V/C Anupam
پچھلے سال سرکار نے اُن سبھی لوگوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے 25جون کو سموِدھان ہتیا دِوس منانے کا اعلان کیا تھا جنھوں نے ایمرجنسی کے دوران اختیارات کے سنگین بیجا استعمال کے خلاف لڑائی لڑی اور مشکلات کا سامنا کیا۔ ساتھ ہی یہ دن لوگوں کو اِس بات کا عہد کرنے کی بھی یاد دلاتا ہے کہ وہ مستقبل میں اِس طرح کے اختیارات کے بیجا استعمال کی کسی بھی طرح کی حمایت نہیں کریں گے۔ 25 جون 1975 کو تانا شاہی کی ذہنیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اُس وقت کی اندرا گاندھی سرکار نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی تھی، جو ڈیڑھ سال تک جاری رہی۔ لاکھوں لوگوں کو بغیر کسی قصور کے جیلوں میں ڈال دیا گیا اور میڈیا کی آواز کو خاموش کردیا گیا۔ سموِدھان ہتیا دِوس کا مقصد اُن لاکھوں لوگوں کے جذبے کی عزت افزائی کرنا ہے جنھوں نے جابرانہ سرکار کے ہاتھوں ظلم و زیادتیوں کا سامنا کرنے کے باوجود جمہوریت کو بحال کرنے کے لیے جدوجہد کی۔