وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ بھارت کے پڑوس میں ایک ایسا ملک ہے، جو عالمی دہشت گردی کا ایک مرکز ہے اور بھارت نے آزادی کے بعد سے دہشت گردی کے اس چیلنج کا سامنا کیا ہے۔ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کی عام بحث میں اپنے خطاب کے دوران ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ اب کئی دہائیوں سے بین الاقوامی سطح پر کیے گئے بڑے دہشت گردانہ حملوں کے پیچھے صرف اُسی ایک ملک کا ہاتھ ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی دہشت گردوں کی نامزد فہرستیں ہیں، جو اُسی ایک ملک کے شہریوں سے بھری پڑی ہیں۔ انہوں نے اس سال اپریل میں دہشت گردوں کے ہاتھوں پہلگام میں بے قصور سیاحوں کے مارے جانے کی مثال پیش کی۔
ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ بھارت ہمیشہ اپنی پسند کی آزادی برقرار رکھے گا اور ہمیشہ عالمی جنوب کی ایک آواز بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے عوام کے تحفظ کے تئیں پُر عزم ہے اور وہ ملک اور بیرونِ ملک میں اپنے مفادات کا تحفظ کرے گا۔ انہوں نے آتم نربھرتا یعنی خود کفالت، آتم رکشا اور آتم وِشواس کے تین اہم نظریات کو اُجاگر کیا، جو کہ اس عصری دنیا میں بھارت کے نقطہئ نظر کی رہنمائی کرتے ہیں۔×