وزیر اعظم نریندر مودی نے زور دے کر کہا ہے کہ تہواروں کا سیزن سودیشی کے منتر کا اعادہ کرنے کا وقت بھی ہے۔ کَل مدھیہ پردیش میں دھار کے مقام پر ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے اور افتتاح کرنے کے بعد جناب مودی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ جو کُچھ بھی خریدیں یا فروخت کریں، وہ بھارت میں بنا ہوا ہونا چاہیے۔ مہاتما گاندھی کی جانب سے آزادی کے ایک اہم وسیلے کے طور پر سودیشی کے استعمال کا تذکرہ کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ اب یہ ترقی یافتہ بھارت کی بنیاد بننی چاہیے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ایسا تبھی ممکن ہے، کہ جب لوگ سودیشی اشیاء اور سامان پر فخر کریں۔ جناب مودی نے لوگوں کی اِس بات کے لیے حوصلہ افزائی کی کہ وہ بھارت میں بنائی گئی اشیاء اور سامان کا ہی انتخاب کریں، خواہ یہ چھوٹی اشیاء ہوں، بچوں کے کھلونے ہوں، دیوالی کی مورتیاں، گھر میں سجاوٹ کا سامان ہو یا موبائل، ٹی وی اور ریفریجریٹرز جیسی بڑی اشیاء ہوں۔
جناب مودی نے کہا کہ سودیشی سامان خریدنے سے پیسہ ملک کے اندر ہی رہتا ہے، رقومات ملک سے باہر جانے کی روک تھام ہوتی ہے اور ملک کی ترقی میں اِس کا سیدھا اثر ہوتا ہے۔
جناب مودی نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ جب ضروری اشیاء اندرون ملک بنائی جاتی ہیں، تو اِس سے ملک کے لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔
22 ستمبر کو نوراتری کے آغاز کے ساتھ ہی GST کی کم کی گئی شرحیں نافذ ہو جائیں گی۔ اِس تناظر میں جناب مودی نے سبھی لوگوں سے زور دے کر کہا کہ وہ سودیشی اشیاء خریدیں اور نئی شرحوں سے فائدہ اُٹھائیں۔