وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ سال 2047 تک ترقی یافتہ ملک بننے کا بھارت کا عزم، جو کہ بنیادی ڈھانچے میں کایہ پلٹ کرنے سے تحریک پا رہا ہے، عالمی مباحثوں کا مرکزی موضوع ہے۔ جناب مودی، کل مغربی بنگال کے دُرگاپور میں 5 ہزار 400 کروڑ روپے سے زیادہ لاگت کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد رکھنے، افتتاح کرنے اور اُنہیں قوم کے نام وقف کرنے کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ اِن پروجیکٹوں سے خطّے کے بنیادی ڈھانچے اور معاشی ترقی کو استحکام ملے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج دنیا بھر میں ترقی یافتہ ملک بننے کے بھارت کے عزم پر ہی بات ہو رہی ہے۔
جناب مودی نے انہیں بھارت میں جاری انقلابی تبدیلیوں سے منسوب کیا، جو کہ ترقی یافتہ بھارت کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے بنیادی ڈھانچے کے سماجی، مادّی اور ڈیجیٹل پہلوؤں کا حوالہ دیتے ہوئے پچھلی دہائی کے دوران حکومت کی حصولیابیوں کو اُجاگر کیا۔