وزیر اعظم نریندر مودی نے کل ہماچل پردیش کے سیلاب، مٹّی کے تودے کھسکنے اور شدید بارش سے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ کیا۔ وزیر اعظم نے قدرتی آفت سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے اور اس کا تخمینہ لگانے کے لیے ریاستی حکومت کے ساتھ میٹنگ بھی کی۔ اس موقعے پر جناب مودی نے ہماچل پردیش کے سیلاب اور بارش سے متاثرہ علاقوں کے لیے ایک ہزار 500 کروڑ روپے کی مالی مدد کا بھی اعلان کیا۔
وزیر اعظم مودی کا ہماچل پردیش کا دورہ آفت زدہ عوام کے لیے راحت اور اعتماد کا باعث بنا ہے۔ زمینی سطح پر پہنچ کر متاثرہ کنبوں کے ساتھ بات چیت کر کے نیز راحت اور بچاؤ کا کام کرنے والے افراد کو تحریک دے کر وزیر اعظم نے یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔ نقصانات کی شدت کا اندازہ لگاتے ہوئے وزیر اعظم نے راحت رسانی اور بازآبادکاری کے کاموں کے لیے ایک ہزار 500 کروڑ روپے کی مالی مدد کا اعلان کیا۔ متاثرہ کنبوں سے ملاقات کر کے وزیر اعظم نے اُنہیں تسلی دی۔ انہوں نے مہلوکین کے لواحقین کے لیے دو-دو لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50-50 ہزار روپے کی مالی مدد کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعظم نے راحت اور بچاؤ کاری کی کارروائیوں میں NDRF, SDRF، فوج اور آپدامتر رضاکاروں کی انتھک کوششوں کی تعریف کی۔
وزیر اعظم کی موجودگی سے انتظامیہ اور بچاؤ ٹیموں کو کافی حوصلہ ملا۔ انہوں نے ہماچل پردیش کے عوام کو یقین دلایا کہ بحران کی اس گھڑی میں وہ اکیلے نہیں ہیں۔ مرکزی حکومت، ہماچل پردیش کو قدرتی آفت سے پوری طرح نکالنے کے لیے مضبوطی سے اُن کے ساتھ کھڑی ہے۔