وزیر اعظم مودی نے، کروشیا کا اپنا پہلا دورہ مکمل کیا۔ انہوں نے تنازعات کے پُر امن حل پر زور دیا اور دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت کا دشمن قرار دیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کروشیا کا اپنا تاریخی اور پہلا سرکاری دورہ مکمل کر لیا ہے اور وہ نئی دلّی واپس آرہے ہیں۔ اعلیٰ سطحی مصروفیات سے بھرے اس دورے نے بھارت اور کروشیا کے باہمی تعلقات میں اہم اضافے کی نشاندہی کی اور مستقبل کے اسٹریٹجک تعاون کے لیے راہ ہموار کی۔

وسطی اور جنوب مشرقی یورپی ملک کے اپنے ایک دن کے دورے کے دوران، وزیر اعظم مودی نے Banski Dvori میں کروشیا کے اپنے ہم منصب Andrej Plenkovic کے ساتھ وفد سطح کی وسیع بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے عالمی امن، جمہوری اقدار، نیز تجارت، ٹیکنالوجی اور ثقافت میں باہمی اشتراک و تعاون کو وسعت دینے کے لیے مشترکہ عزم پر زور دیتے ہوئے ایک مشترکہ پریس بیان جاری کیا۔

وزیر اعظم مودی نے تنازعات کے پرامن حل کی پرزور وکالت کرتے ہوئے کہا کہ چاہے یورپ ہو یا ایشیا، جنگ کے  میدان میں کوئی بھی حل تلاش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کے لیے قابل عمل راستے ہیں۔ جناب مودی نے تمام ملکوں کی خودمختاری اور علاقائی سا لمیت کا احترام کرنے کے بھارت کے مستقل موقف کا اعادہ کیا۔

دہشت گردی کو انسانیت کا دشمن قرار دیتے ہوئے جناب مودی نے پہلگام میں 22 اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد بھارت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے کروشیا کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں اس طرح کی حمایت باہمی اعتماد اور دوستی کی گہرائی کو ظاہر کرتی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارت کو مزید وسعت دینے اور لچکدار، قابل اعتماد سپلائی چین بنانے پر بھی اتفاق رائے کیا۔ بہتر تعاون کے لیے جن نئے شعبوں کی نشاندہی کی گئی، اُن میں دواسازی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صاف ستھری اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، قابل تجدید توانائی اور سیمی کنڈکٹرز شامل ہیں۔ جناب مودی نے جہاز سازی، سائبر سیکورٹی اور دفاع میں بڑھتے ہوئے تعاون کو اجاگر کیا۔ دفاعی تعاون کے لیے ایک طویل مدتی منصوبہ تیار کیا جائے گا، جس میں مشترکہ تربیت، فوجی تبادلے اور صنعت کی سطح پر شراکت داری کو شامل کیا جائے گا۔

باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے دونوں ممالک نے 4 مفاہمت ناموں پر دستخط کیے۔ زراعت اور متعلقہ شعبوں میں باہمی تعاون کے لیے پہلے مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے۔ 2026-2030 کے لیے ثقافتی تبادلے کے پروگرام کے لیے دوسرے مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے۔ 2025-2029 کی مدت کے لیے دونوں ممالک کی متعلقہ وزارتوں کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے پروگرام کیے لیے تیسرے مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے۔ چوتھا مفاہمت نامہ یونیورسٹی آف Zagreb میں ہندی چیئر کے قیام سے متعلق ہے۔

وزیر اعظم مودی نے کروشیا میں یوگا کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی بھی تعریف کی۔

انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ 21 جون کو یوگا کا بین الاقوامی دن پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔

ایک اور اہم مصروفیت میں وزیر اعظم مودی نے کروشیا کے صدر Zoran Milanovic کے ساتھ ایک علیحدہ میٹنگ کی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ وژن کا اعادہ کرتے ہوئے خوشگوار بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے کثیر سطحی فورم میں اشتراک و تعاون، عوام سے عوام کے تعلقات کو وسعت دینے، جمہوریت، تکثیریت اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی پاسداری کے لیے باہمی تعاون پر زور دیا۔

کروشیا کے وزیر اعظم Andrej Plenkovic نے Zagreb میں، وزیر اعظم مودی کے اعزاز میں ایک عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی دلّی کے لیے روانہ ہوتے ہوئے کروشیا کی حکومت اور عوام کا ان کی مہمان نوازی کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس دورے کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیا، جس سے مشترکہ اقدار اور امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ عزم پر مبنی باہمی تعاون کے لیے دونوں ملکوں کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم مودی نے قبرص، کینیڈا اور کروشیا پر مشتمل تین ملکوں کا اپنا دورہ مکمل کیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی کا کروشیا کا تاریخی دورہ دوستی، تعاون اور مشترکہ عالمی نظریے کے ایک مضبوط پیغام کے ساتھ کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔ ایک اہم سفارتی پیشرفت میں، وزیر اعظم مودی نے Zagreb میں اپنے قیام کے دوران کروشیا کے وزیر اعظم Andrej Plencovic اور صدر Zoran Milanovic کے ساتھ میٹنگ کی۔ صدر Milanovic کے ساتھ اُن کی میٹنگ میں امن، جمہوریت اور کثیر جہتی تعلقات سمیت عالمی مسائل پر دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی اسٹریٹیجک وابستگی کو اُجاگر کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے، تعلیمی اور ثقافتی تبادلوں کو وسعت دینے اور مختلف پلیٹ فارمز پر تعاون کو فروغ دینے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم Plenkovic کے ساتھ وفد کی سطح کی بات چیت بھی اتنی ہی مفید اور نتیجہ خیز رہی۔ دونوں فریقوں نے تجارت، ٹکنالوجی میں شراکت داری اور دفاعی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان چار مفاہمت ناموں پر دستخط کیے گئے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔