وزیر اعظم نریندر مودی، نے کہا ہے کہ سوادیشی ہر بھارتی کی زندگی کا منتر ہونا چاہیے۔ کَل احمد آباد میں ماروتی سوزوکی کے ہَنسل پور پلانٹ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ سرمایہ، دنیا میں کہیں سے بھی آ سکتا ہے لیکن اگر پیداوار بھارت میں کی جائے تو یہ حقیقت میں سوادیشی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے، میک اِن انڈیا سفر میں ایک نئے باب کا اضافہ ہو رہا ہے جو میک اِن انڈیا اور میک فار دَ ورلڈ کے مقصد کے حصول میں ایک اہم دن ہے۔ انھوں نے اشارہ دیا کہ ماروتی سوزوکی جیسی کمپنیاں میک اِن انڈیا کی برانڈ ایمبیسڈر بن گئی ہیں۔
ماحول کے لیے سازگار توانائی اور نقل و حمل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ ماحول کے لیے سازگار نقل و حمل، مستقبل ہے اور بھارت، ماحول کے لیے سازگار نقل و حمل کے طریقہئ کار کے لیے ایک قابل اعتبار مرکز کے طور پر ابھرنے کے لیے تیار ہے۔
انھوں نے کہا کہ حکومت کے پہلے سے کیے گئے اقدامات کا نتیجہ، پچھلی دہائی کے دوران، ملک میں الیکٹرونکس کی پیداوار میں 500 گنا ترقی کی شکل میں برآمد ہوا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ آگے بڑھتے ہوئے بھارت کی توجہ مستقبل کی صنعتوں پر ہوگی۔ ترقی کے تئیں پابند ہونے کے بھارت کے عزم کو دوہراتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مینوفیکچرنگ کے مشن کے ساتھ ساتھ حکومت نے معدنیات کا اہم قومی مشن بھی شروع کیا ہے تاکہ آٹو صنعت کی، زمینی مقناطیس کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کیا جا سکے جو کمیاب ہے۔
اِس سے پہلے وزیراعظم نریندر مودی نے ہَنسل پور سے بیٹری الیکٹرک گاڑیوں ای۔وِٹارا کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ یہ گاڑیاں میک اِن انڈیا کے تحت تیار کی گئی ہیں۔ ان گاڑیوں کو 100 سے زیادہ ملکوں کو برآمد کیا جائے گا، جن میں یوروپ اور جاپان بھی شامل ہیں۔x