وزیراعظم نریندر مودی نے اِس یوم آزادی پر لال قلعہ کی فصیل سے، دیوالی تک اگلے دور کی GST اصلاحات کردینے کا اعلان کیا تھا۔ مزید مستعد اور شہریوں کیلئے سہولت آمیز معیشت تشکیل دینے کا وزیراعظم کا ویژن اِس ماہ کی 3 تاریخ کو GST کونسل نے شرحوں کو معقول بنانے کی منظوری دے کر پورا کیا، جس میں عام آدمی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ کونسل نے بالواسطہ ٹیکس نظام کو 4 زُمروں والے یعنی 5 فیصد اور 12 فیصد، نیز 18 فیصد اور 28 فیصد کے نظام کو بدل کر 2 زُمروں والے یعنی 5 فیصد اور 18 فیصد والے نظام میں تبدیل کرکے آسان بنایا ہے۔ آج ہم کاسمیٹکس کے شعبے میں کی گئی اصلاحات پر نظر ڈالیں گے۔ ہمارے نامہ نگار کے مطابق یہ اصلاحات خصوصی طور پر عام آدمی پر مرکوز ہیں۔ ان کا اطلاق اس مہینے کی 22 تاریخ سے ہوگا۔
متعدد کاسمیٹکس مصنوعات پر GST کو 18 فیصد سے 5 فیصد کردیا گیا ہے، جس سے بالوں کے تیل، شیمپو، شیونگ کریم، شیونگ لوشنز، ٹوتھ پیسٹ، ٹیلکم پاؤڈر اور فیس پاؤڈر جیسی ضروری اشیاء سستی ہوجائیں گی۔ کاؤنسل نے ٹوتھ پاؤڈر پر GST کو 12 فیصد سے کم کرکے 5 فیصد کردیا ہے۔ اِن تبدیلیوں سے کاسمیٹکس اشیاء عوام کیلئے زیادہ قابل رسائی اور سستی ہوجائیں گی۔ آکاشوانی کے خبروں کے شعبے سے بات کرتے ہوئے، صارفین نے GST اصلاحات کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ ٹیکسوں میں کمی سے راحت ملے گی، جس کی بہت ضرورت تھی۔
یہ اقدامات بھارت کے کاسمیٹکس کے شعبے کو مضبوطی سے آگے بڑھائیں گے اور لوگوں، بالخصوص کم آمدنی والے اور متوسط طبقے کے لوگوں کو بڑی راحت پہنچائیں گے۔