نائب صدر جمہوریہ سی-پی-رادھا کرشنن نے آج نئی دلی میں ایک تقریب میں ”سب کا ساتھ سب کا وکاس، سب کا وشواس، سب کا پریاس“ کے عنوان سے وزیراعظم نریندر مودی کی تقاریر پر مشتمل چار کتابوں کی رسمِ اجراء انجام دی۔
اِن کتابوں کو Publications Division نے شائع کیا ہے۔
اِس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے جناب رادھا کرشنن نے کہا کہ جناب مودی ملک اور بیرونِ ملک کروڑوں لوگوں کیلئے باعثِ تحریک ہیں۔ نائب صدر نے کہا کہ جناب مودی عام آدمی کے نمائندے سے آگے بڑھ کر عوام کے ایک ایسے حقیقی رہنما بن گئے ہیں، جن کے عزم نے یہ دکھا دیا ہے کہ کس طرح ناممکن کو بھی، ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
جناب رادھا کرشنن نے کہا کہ اِن کتابوں میں وزیراعظم کے عہدے کی دوسری مدت کے چوتھے اور پانچویں سال سے کچھ تقریروں کو شامل کیا گیا ہے۔
اِدھر راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی، دنیا میں بہترین مقرروں میں سے ایک ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جناب مودی اپنی تقریر سے ہموطنوں کو تحریک دیتے ہیں۔ جناب ہری ونش نے کہا کہ اگرچہ بھارت آزادی کے بعد نوآبادیاتی راج کے سائے سے باہر نکل آیا تھا، لیکن صرف 2014 کے بعد ہی ایسا ہوا کہ ملک نے فخر کے ساتھ اپنی ثقافت اور قدیم وراثت کے بارے میں بات کرنا شروع کیا۔
اِس موقع پر اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے سیاست کو عوام کی خدمت کرنے کا ایک وسیلہ بنا دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پورے ملک میں 54 کروڑ جن دھن کھاتے کھولے گئے ہیں اور 13 کروڑ بیت الخلا تعمیر کیے گئے ہیں۔