مواصلات کے مرکزی وزیر جیوترآدتیہ سندھیا نے کہا ہے کہ ایلن مسک کی اسٹار لنک کمپنی کو بھارت میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کے آغاز کیلئے لائسنس مل گیا ہے اور اِس سلسلے میں اسپیکٹرم کیلئے ایک طریقہ کار بھی وضع کیا گیا ہے۔ نئی دلّی میں موبائل ٹیلی فونی کے 30 برس مکمل ہونے کے موقع پر موبائل کانکلیو سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ گذشتہ 11 برس میں بھارت کا ڈیجیٹل سفر غیر معمولی رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دہائی میں دور دراز کے گاؤوں سے میٹرو شہروں تک ڈیجیٹل رسائی نے شہریوں کو بااختیار بنایا ہے اور بھارت کو کفایتی اور سب کی شمولیت والی ٹکنالوجی میں ایک عالمی لیڈر بنا دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ملک میں اب ایک ارب 20 کروڑ ٹیلی فون کنکشن ہیں اور انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 286 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ 97 کروڑ ہے۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ موبائل ڈیٹا کی شرحوں میں 96 اعشاریہ 6 فیصد کی کمی کے ساتھ بھارت دنیا بھر میں سب سے سستا ڈیٹا فراہم کرنے والا ملک بن گیا ہے۔ جناب سندھیا نے کہا کہ 5G نیٹ ورک ملک کے 99 اعشاریہ 6 فیصد اضلاع تک پہنچ گیا ہے۔×