مہاراشٹر کے ثقافتی کیلنڈر میں سب سے اہم تہواروں میں سے ایک، 10 روزہ گنیش اُتسَو کا آج سے آغاز ہو گیا ہے۔ گنیش اُتسَو کا اختتام اننت چتوردشی پر ہوگا۔
”گنپتی بپّا موریا، منگل مورتی موریا“ کی گونج کے درمیان مہاراشٹر بھر میں عقیدتمند اپنے گھروں میں بھگوان گنیش کا خیر مقدم کر رہے ہیں۔ ڈھول تاشوں کے پتھک، موسیقی اور آتش بازی کے درمیان عوامی گنیش پنڈالوں میں جوش و خروش کے ساتھ بھگوان گنیش کی مورتیاں نصب کی جا رہی ہیں۔ بھگوان گنیش کی پران پرتشٹھا کی رسم کے بعد پوجا اور آرتی کی جائے گی۔ 10 روزہ گنیش اُتسَو مہاراشٹر کی ثقافتی پہچان کا اہم جز ہے، جسے ہر سال ثقافتی سرگرمیوں اور مقابلوں، جنہیں ’دیکھاوا‘ کہا جاتا ہے، کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اس سال بامبے ہائی کورٹ نے گنیش کی مورتیوں کو پلاسٹر آف پیرس سے تیار کرنے، اُن کی اونچائی 6 فٹ تک رکھنے اور اُن کا وِسرجن مصنوعی طور پر تیار کیے گئے آبی ذخیروں میں کرنے کو لازمی قرار دیا ہے۔
گنیش اُتسَو کے لیے مسافروں کی بڑھتی تعداد کے مدنظر بھارتی ریلویز نے تہوار کے دوران کئی خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔