مرکز نے 2027 کی مردم شماری کے پہلے مرحلے کیلئے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں اِس سال پہلی اپریل سے 30 ستمبر تک مکانوں کی گنتی کی جائے گی۔ اِس کے لیے ہر ریاست اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقہ30 دن کی مدت طے کرے گا۔
امورِ داخلہ کی وزارت کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہر ریاست اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقے کی جانب سے نوٹیفائی کیے گئے نظام الاوقات کے مطابق گھر گھر جاکر مکانوں کی گنتی کا عمل شروع ہونے سے پہلے از خود تفصیل فراہم کرنے کا سلسلہ 15 دن جاری رہے گا۔
ملک میں ڈجیٹل طریقے سے پہلی بار مردم شماری کی جائے گی۔ موبائل ایپ کا استعمال کرتے ہوئے ڈیٹا حاصل کیا جائے گا۔ ڈیٹا حاصل کرنے اور نگرانی کیلئے تقریباً 30 لاکھ اہلکاروں کو متعین کیا جائے گا۔ یہ مردم شماری دو مرحلوں میں کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں اِس سال اپریل اور ستمبر کے درمیان گھروں اور مکانوں کی گنتی کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں اگلے سال فروری میں آبادی کی گنتی کا عمل انجام دیا جائے گا۔
مرکز کے زیرِ انتظام علاقے لداخ اور جموں و کشمیر نیز ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں آبادی کی گنتی اِس سال ستمبر میں کی جائے گی۔ اِس سے قبل پچھلے مہینے کی 12 تاریخ کو مرکزی کابینہ نے گیارہ ہزار 718 کروڑ روپے کی لاگت سے مردم شماری کیلئے اسکیم کو منظوری دی تھی۔
سیاسی امور کی کابینہ کمیٹی نے اِس میں ذات کے اعتبار سے گنتی کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔