مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج جموں میں، حالیہ سیلاب اور بادل پھٹنے کے سبب ہوئے نقصان اور وہاں جاری راحت کے کاموں اور بچاؤ کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے کل رات جموں پہنچے ہیں۔ جناب شاہ جموں خطّے کے سبھی متاثرہ علاقوں میں سیلاب سے راحت کے اقدامات کا جائزہ لینے اور اِس سلسلے میں تبادلہئ خیال کرنے کے لیے آج جموں کے راج بھون میں ایک اعلیٰ سطح کی جائزہ میٹنگ کی صدارت بھی کریں گے۔
اپنے دن بھر کے دورے کے دوران مرکزی وزیر داخلہ جموں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا ہوائی سروے کریں گے اور راج بھون میں افسروں کے ساتھ میٹنگیں کریں گے، جہاں اُنہیں لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا اور داخلی امور کی وزارت کے علاوہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کی انتظامیہ کے سینئر افسروں کے ذریعے اب تک کیے گئے بچاؤ اور راحتی کاموں کے علاوہ متاثرہ لوگوں کو راحت پہنچانے کے بارے میں جانکاری فراہم کی جائے گی۔ اس میٹنگ میں سیلاب سے ہوئے نقصان اور جاری راحت و بچاؤ کارروائیوں کا بھی احاطہ کیا جائے گا۔ جناب شاہ میٹنگ کے دوران متاثرہ علاقوں میں راحت، بازآبادکاری اور بحالی کی کوششوں پر توجہ دیں گے۔ میٹنگ کے بعد جناب شاہ کٹرہ کے شری ماتا ویشنو دیوی کے بنیادی کیمپ سمیت سیلاب سے متاثرہ کئی علاقوں کا دورہ کریں گے۔
توقع ہے کہ وہ ماتا ویشنو دیوی یاترا کے راستے پر مٹّی کے تودے کھسکنے کے حالیہ واقعات میں ہوئے زخمی افراد سے کٹرہ کے Kakrayal میں نارائنا اسپتال کا بھی دورہ کریں گے۔ جناب شاہ حال ہی میں آئے تازہ سیلاب اور بادل پھٹنے سے ہوئے نقصان کا جائزہ لینے کے لیے کشتواڑ کا بھی دورہ کریں گے اور وہ شام کو نئی دلّی لوٹ آئیں گے۔