مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج رانچی میں، مشرقی زونل کونسل کی 27 ویں میٹنگ کی صدارت کریں گے۔ اس میٹنگ میں 4 مشرقی ریاستوں، جھارکھنڈ، بہار، اُڈیشہ اور مغربی بنگال کے 70 مندوبین شرکت کریں گے۔ اس دوران اُڈیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن مانجھی، نائب وزیر اعلیٰ پاروتی پریدا اور ریاستی وزیر مُکیش مہا لنگم اُڈیشہ کی نمائندگی کریں گے۔ وہیں بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری اور ریاستی وزیر وِجے چودھری، بہار کی نمائندگی کریں گے۔ اسی طرح مغربی بنگال کی نمائندگی ریاستی وزیر چندریکا بھٹّاچاریہ کریں گی۔ جھارکھنڈ کی نمائندگی وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، اپنے چیف سکریٹری، داخلہ سکریٹری، DGP اور دیگر افسران کے ساتھ کریں گے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان کل رات رانچی پہنچے، جہاں وہ مشرقی زونل کونسل EZC کی 27 ویں میٹنگ کی صدارت کریں گے۔ مشرقی زونل کونسل کی میٹنگ کے دوران جنسی جرائم سے متعلق کیسز کی تیز جانچ اور اُن کے ازالے کے لیے خصوصی فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرنے جیسے مختلف موضوعات پر تبادلہئ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ہر گاؤں میں بینکنگ خدمات فراہم کرنے اور ہنگامی حالات کی صورت میں ردِّ عمل کا نظام نافذ کرنے پر بھی بات چیت ہوگی۔ ساتھ ہی بہار، اُڈیشہ اور مغربی بنگال کے درمیان زیرِ التوا بین ریاستی معاملات پر بھی تبادلہئ خیال ایجنڈے میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ کونسل کی پچھلی میٹنگوں میں لیے گئے فیصلوں پر کی جا رہی عمل آوری کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ریاستی حکومت کی جانب سے 20 سے زیادہ ایجنڈوں کو قطعی شکل دی گئی ہے، تاکہ تعلیم، صحت، بجلی، شہری منصوبہ بندی اور امدادِ باہمی کے نظام کو مستحکم کرنے پر بات چیت کی جا سکے۔ اس دوران جھارکھنڈ حکومت، مرکز سے کوئلہ کانوں سے رائلٹی کی شکل میں ملنے والی ایک لاکھ 36 ہزار کروڑ روپے کی بقایہ رقم کا مطالبہ بھی پیش کر سکتی ہے۔ جھارکھنڈ حکومت، ماضی میں بائیں بازو کی انتہا پسندی سے متاثرہ اپنے 14 ضلعوں کو فہرست سے نکال دیے جانے کے بعد اِن مقامات کے لیے سلامتی سے متعلق اخراجات، SRE کی بحالی کا بھی مطالبہ کر سکتی ہے۔ میٹنگ میں بہار کے ساتھ اثاثوں اور ذمہ داریوں کے اشتراک اور مغربی بنگال کے ساتھ پانی کی تقسیم کے معاملات پر بھی تبادلہئ خیال کیا جانے کا امکان ہے