اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے آج نیشنل ہیرالڈ معاملے کے سلسلے میں کانگریس پر نچلی سطح کی سیاست کرنے کا الزام لگایا ہے۔ سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کے خلاف ED کی چارج شیٹ پر کانگریس کے احتجاج کے بارے میں رشی کیش میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ یہ کوئی سیاسی معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ بدعنوانی کا معاملہ ہے۔
BJP نے آج نیشنل ہیرالڈ معاملے کے سلسلے میں کانگریس کی سخت نکتہ چینی کی۔ نئی دلّی میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے BJP کے ترجمان سدھانشو ترویدی نے کانگریس کے اِس دعوے کو، کہ یہ معاملہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے اختیارات سے باہر ہے، یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ یہ کاروباری لین دین کی ایک واضح مثال ہے۔
BJP لیڈر نے مزید کہا کہ 2013 میں، جب UPA کی حکومت تھی، تب دلّی ہائی کورٹ کی جانب سے دیئے گئے ایک حکم نامے کے بعد اِس معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ جناب ترویدی نے مزید کہا کہ نیشنل ہیرالڈ کا معاملہ بھارت کی تاریخ میں ایک عجیب و غریب معاملہ ہے کہ جس میں ہزاروں کروڑ روپے کی ایک کمپنی کو صرف 90 کروڑ روپے میں حاصل کیا گیا۔
اِدھر کانگریس اپنے سینئر لیڈروں کے خلاف داخل چارج شیٹ کے سلسلے میں ملک گیر پیمانے پر احتجاج کررہی ہے۔ پارٹی نے ED کی کارروائی کو انتقامی سیاست قرار دیا ہے۔ کَل ED نے دلّی کے راؤز ایوینیو کورٹ میں نیشنل ہیرالڈ اخبار سے متعلق کالے دھن کو جائز بنانے کے ایک معاملے میں سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کا نام شامل کرتے ہوئے چارج شیٹ داخل کی تھی۔×