قومی جمہوری اتحاد NDA آج اپنی اتحادی پارٹیوں کے درمیان سیٹوں کے بٹوارے کو حتمی شکل دینے کیلئے تیار ہے۔ دو مرحلوں پر مبنی بہار اسمبلی چناؤ کے لیے امیدواروں کے ناموں پر تبادلہئ خیال کرنے اور حتمی شکل دینے کے لیے BJP کی کور کمیٹی آج نئی دلی میں میٹنگ کرے گی۔
BJP کے قومی صدر جے پی نڈّا میٹنگ کی صدارت کریں گے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، کورکمیٹی کے دیگر اراکین سمیت پارٹی کے سینیر لیڈر میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ میٹنگ کے بعد توقع ہے کہ NDA اور اسکی اتحادی پارٹیوں کے درمیان سیٹوں کے بٹوارے کا اعلان کیا جائے گا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے BJP کے ریاستی صدر ڈاکٹر دلیپ جیسوال نے کہا کہ سیٹ بٹوارے کے سلسلے میں باقاعدہ طور پر اتفاق ہوگیا ہے اور آج اس کا اعلان کردیا جائے گا۔
ہمارے پٹنہ کے نامہ نگار کے مطابق NDA میں سیٹوں کے بٹوارے کے سمجھوتے کے تحت BJP اور JD (U) سیٹوں کا کثیر حصہ اپنے پاس رکھیں گی۔ ذرائع کے مطابق BJP کے 101 سیٹوں پر چناؤ لڑنے کا امکان ہے۔ جبکہ JD (U) 102سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑا کرے گی۔ باقی ماندہ 40 سیٹوں پر دیگر اتحادی پارٹیاں، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) راشٹریہ لوک مورچہ اور ہندوستانی عوام مورچہ چناؤ لڑیں گی۔ بہار اسمبلی میں کُل 243 سیٹیں ہیں جبکہ RJD، کانگریس، وکاس شیل انسانی پارٹی (VIP) اور بائیں محاذ پر مشتمل عظیم اتحاد میں سیٹوں کے بٹوارے کا فارمولہ ابھی زیرِ عمل ہے۔
کانگریس کی تشہیری کمیٹی کے چیئرمین اور سینئر لیڈر اکھلیش پرساد سنگھ نے کہا ہے کہ عظیم اتحاد بھی سیٹوں کے بٹوارے پر ایک سمجھوتے پر پہنچ گیا ہے اور اس کے بارے میں جلد ہی اعلان کردیا جائے گا۔
243 رکنی بہار اسمبلی کا چناؤ دو مرحلوں میں ہوگا۔ پہلے مرحلے کی پولنگ 6 نومبر کو 121 سیٹوں کے لئے ہوگی جبکہ بقیہ 122 حلقوں میں دوسرے مرحلے میں 11 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔