صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ بھارت-فلپینز ساجھیداری نہ صرف دونوں ملکوں کے عوام کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ اس سے خطّے میں امن و استحکام اور خوشحالی کو مستحکم بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ فلپینز کے صدر مارکوس جونیئر کے اعزاز میں ایک ضیافت کی میزبانی کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھارت-بحرالکاہل خطّے میں، بھارت کے موقف اور مشرقی ملکوں سے رابطہ بڑھانے کی بھارت کی پالیسی میں فلپینز ایک اہم ساجھیدار ملک ہے۔
صدر جمہوریہ دروپدی نے زور دے کر کہا کہ باہمی تعلقات کو کلیدی ساجھیداری کی سطح تک لے جانے سے بھارت اور فلپینز کے درمیان کثیر رخی اشتراک کو مزید تقویت ملے گی۔
صدر جمہوریہ نے پہلگام میں دہشت گردوں کے وحشیانہ حملے کی سخت مذمت کرنے اور دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں بھارت کے ساتھ یگانگت اور حمایت کے لیے فلپینز سرکار کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اِدھر کل نئی دلّی میں، وزیر اعظم نریندر مودی اور فلپینز کے صدر مارکوس جونیئر کے درمیان باہمی بات چیت کے دوران دوطرفہ اشتراک کو کلیدی ساجھیداری کی سطح پر لے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔
میٹنگ کے بعد ایک مشترکہ اخباری بیان میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ بھارت اور فلپنز نے نئی کلیدی ساجھیداری کے تحت اشتراک میں رہنمائی کی خاطر 2025 سے 2029 تک ایک 5 سالہ منصوبہئ عمل اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔