سی پی رادھا کرشنن آج بھارت کے 15 ویں نائب صدر جمہوریہ کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو راشٹرپتی میں اُنہیں عہدے کا حلف دلائیں گی۔ اس ماہ کی 9 تاریخ کو ہوئے نائب صدر کے انتخابات میں انہیں جیت حاصل ہوئی تھی۔ NDA کے امیدوار رادھا کرشنن کو 452 ووٹ ملے تھے اور انہوں نے آئی این ڈی آئی اے بلاک کے امیدوار اور سپریم کورٹ کے سابق جج بی سدرشن ریڈی کو 152 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔
تمل ناڈو کے Tiruppur میں پیدا ہوئے چندر پورم پُنّو سامی رادھا کرشنن نے طلباء کے ایک لیڈر کے طور پر اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا۔ وہ RSS جیسی تنظیموں سے سرگرمی کے ساتھ وابستہ رہے۔ اس کے بعد سے انہوں نے سیاست کو عوام کی خدمت کا ایک وسیلہ بنایا۔ وہ کوئمبٹور سے لوک سبھا کیلئے دو مرتبہ منتخب ہوئے۔ جناب رادھا کرشنن جھارکھنڈ، تلنگانہ اور مہاراشٹر کے گورنر اور پدوچیری کے لیفٹیننٹ گورنر کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔ پیشے سے ایک زرعی ماہر اور صنعتکار جناب رادھا کرشنن کو، اُن کی سا لمیت، بصیرت اور بے داغ عوامی زندگی کیلئے پسند کیا جاتا ہے۔ وہ نائب صدر کے عہدے پر فائز ہونے والے تمل ناڈو کے تیسرے رہنما بھی ہوں گے۔