بھارت پانچ سال کے وقفے کے بعد آج سے چین کے شہریوں کو سیاحتی ویزا جاری کرنے کا سلسلہ پھر سے شروع کر رہا ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں پیچنگ میں بھارتی سفارتخانے نے کہا ہے کہ چین کے شہری، آن لائن درخواست مکمل کرنے اور پیچنگ، شنگھائی اور Guangzhou میں بھارتی ویزا درخواست مراکز میں اپنے پاسپورٹ اور دیگر مطلوبہ دستاویزات بذاتِ خود پیش کرنے کے بعد بھارت آنے کے لیے ٹورسٹ ویزا کی درخواست دے سکتے ہیں۔x
یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے کہ جب دونوں ملک کشیدگی کم کرنے اور اپنے تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جو 2020 میں گلوان وادی کی جھڑپوں کے بعد خراب ہوگئے تھے۔ دونوں ملکوں نے اِس موسم گرما میں کیلاش مانسرووَر یاترا پھر شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ کووڈ عالمی وبا اور گلوان بحران کے بعد سے براہِ راست فضائی خدمات اور کیلاش مانسرووَر یاترا معطل تھی۔
دونوں ملکوں نے اِس بات کو تسلیم کیا ہے کہ چونکہ 2025 میں بھارت اور چین کے سفارتی تعلقات کو 75 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ لہٰذا اِس کا استعمال باہمی اعتماد اور لوگوں میں بھروسے کو بحال کرنے کی خاطر سفارتی کوششوں کو تیز کرنے کے لیے کیا جانا چاہیے۔
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر اِس مہینے چین کے دورے پر گئے تھے جو پچھلے پانچ سال میں اُن کا پہلا دورہ ہے۔