چناؤ کمیشن نے 65 لاکھ ووٹروں کی فہرست اَپلوڈ کر دی ہے، جن کے نام ووٹر فہرست کی خصوصی نظرِثانی مہم SIR کے بعد یکم اگست کو شائع بہار کے ووٹر فہرست کے مسودے سے ہٹا دیے گئے تھے۔
وہ ووٹر جن کے نام 2025 تک بہار کی ووٹر فہرست میں شامل تھے لیکن ووٹر فہرست کے مسودے میں شامل نہیں ہیں، ان کی فہرست بہار کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کی سرکاری ویب سائٹ پر اَپلوڈ کر دی گئی ہے۔
بوتھ سطح کے افسران نے سیاسی پارٹیوں کے مقرر کردہ بوتھ سطح ایجنٹوں اور دیگر حکام کی مدد سے اُن ووٹروں کی فہرست تیار کی ہے، جن کے ذاتی معلومات سے متعلق فارم موصول نہیں ہوئے تھے۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اس عمل سے ناخوش کوئی بھی شخص اپنی شکایت آدھار کارڈ کی کاپی کے ساتھ جمع کرا سکتا ہے۔
اس اقدام کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کی جانے والی فہرست میں خارج شدہ ووٹروں کی تفصیلات، سیریل نمبر، EPIC نمبر، ووٹر کا نام، رشتہ داری کی نوعیت، رشتہ دار کا نام، پرانا پارٹ نمبر، پرانا سیریل نمبر، عمر اور جنس جیسی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔ اس میں یہ وجہ بھی درج ہے کہ وہ یکم اگست کے ووٹر فہرست کے مسودے میں کیوں نہیں شامل کیے گئے۔
بہار میں ہونے والے انتخابات کے پیشِ نظر ووٹر فہرست کی خصوصی نظرِثانی SIR کے تحت خارج شدہ ووٹروں کی فہرست کو سپریم کورٹ کے عبوری حکم کے بعد شائع کیا گیا ہے۔ عدالتِ عالیہ نے چناؤ کمیشن کو ہدایت دی تھی کہ 65 لاکھ ووٹروں کے نام شائع کیے جائیں، جو ووٹر فہرست کے مسودے سے ہٹا دیے گئے تھے، اور ان کے ناموں کو ہٹانے جانے کی وجوہات بھی بتائی جائیں۔