September 10, 2025 9:56 AM | Trump India

printer

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ اور بھارت کے درمیان تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے مذاکرات جاری رہیں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ اور بھارت کے درمیان تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے مذاکرات جاری رہیں گے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم، ٹروتھ سوشل پر ایک پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ آنے والے ہفتوں میں اپنے بہت اچھے دوست وزیر اعظم مودی سے بات کرنے کے منتظر ہیں۔ صدر ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ دونوں عظیم ملکوں کے لیے کامیابی کے ساتھ مثبت نتائج حاصل کرنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔ یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے، جب چند ہفتے قبل امریکہ نے بھارتی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیکس عائد کر دیا تھا، جس میں روس سے تیل کی خریداری کی پاداش میں اضافی 25 فیصد جرمانہ بھی شامل ہے۔

اس ہفتے کے آغاز میں صدر ٹرمپ نے بھارت-امریکہ تعلقات کو ایک بہت خاص رشتہ قرار دیا اور یقین دلایا کہ وہ اور وزیر اعظم نریندر مودی ہمیشہ دوست رہیں گے۔ جناب ٹرمپ نے اس بات پر زور دیا کہ فکر کی کوئی بات نہیں ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی صدر ٹرمپ کے بھارت-امریکہ تعلقات کے بارے میں مثبت بیان کا گرمجوشی سے جواب دیا اور کہا کہ وہ امریکی صدر کی مثبت سوچ اور جذبات کی بیحد قدر کرتے ہیں۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر وزیر اعظم مودی نے بھارت-امریکہ تعلقات کو ایک جامع اور عالمی اسٹریٹیجک شراکت داری کے لیے آگے کی سوچ رکھنے والا قرار دیا۔ ×