آپریشن سندھو کے تحت ایران سے ایک ہزار ایک 117 بھارتی شہریوں کو ملک واپس لایا جا چکا ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ کل رات ایران کے شہر مشہد سے نئی دلّی پہنچنے والی خصوصی پرواز سے 290 بھارتی شہری ایران سے بحفاظت وطن واپس پہنچے۔ کل شام مشہد سے لوگوں کو نکال کر لانے والی ایک اور پرواز ایران سے 310 بھارتی شہریوں کے ساتھ نئی دلّی پہنچی۔ بھارتی شہریوں نے، سرکار کے تئیں تشکر کا اظہار کیا۔
نیپال اور سری لنکا نے آپریشن سندھو کے تحت جنگ سے متاثرہ ایران سے اپنے شہریوں کو نکالنے میں مدد کرنے پر بھارت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ نیپال کی وزیر خارجہ آرزو رانا دیوبا نے نیپالی طلباء کو نکالنے میں مدد کرنے پر وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر، انہوں نے ایران سے نیپالی شہریوں کو نکالنے میں مدد کرنے میں بھارت کی فوری مدد کے لیے شکریہ ادا کیا۔ محترمہ دیوبا نے کہا کہ نیپالی شہریوں کو باہر نکالنے میں بھارت کی مدد دونوں ملکوں کے مضبوط تعلقات کی عکاس ہے۔
اس سے پہلے سری لنکا نے بھارتی شہریوں کے ساتھ ساتھ سری لنکا کے شہریوں کو ایران سے نکالنے میں بروقت مدد کے لیے بھارت سرکار کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر سری لنکا کی وزارت خارجہ نے کہا کہ یکجہتی کا اظہار سری لنکا اور بھارت کے درمیان مضبوط اور پائیدار شراکت داری کی مثال ہے اور جزیرہ نما ملک کے لوگوں کی طرف سے اس عمل کی دل کی گہرائیوں سے تعریف کی جاتی ہے۔
ایران میں واقع بھارتی سفارتخانے نے کہا کہ اُس نے نیپال اور سری لنکا کے شہریوں کو باہر نکالنے کی کوشش کی تھی۔ اُس نے کہا کہ نیپال اور سری لنکا کی سرکاروں کی درخواست پر یہ کوششیں کی گئیں۔×