وزیراعظم نریندر مودی آج گجرات کا دو روزہ دورہ کریں گے، جس میں وہ ریاست میں مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز کریں گے جن پر 82 ہزار کروڑ روپے کا خرچ آئے گا۔
وزیراعظم اپنے دورے کے پہلے دن ریل انجن بنانے والے ایک پلانٹ کو ملک کے نام وقف کریں گے اور داہود میں بجلی سے چلنے والے ایک ریل انجن کو جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ وہ داہود میں بہت سے ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور افتتاح کریں گے جن پر تقریباً 24 ہزار کروڑ روپے کا خرچ آئے گا۔
اِس کے علاوہ وہ دیگر مختلف ریل پروجیکٹوں اور گجرات سرکار کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے، جن میں ویرالا اور احمدآباد کے درمیان وندے بھارت ایکسپریس اور وَلساڑ اور داہود اسٹیشنوں کے درمیان ایکسپریس ٹرین شامل ہے۔
بعد میں وزیراعظم کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کے افتتاح کیلئے بھج کا دورہ کریں گے، جن پر 53 ہزار 400 کروڑ روپے سے زیادہ کا خرچ آئے گا۔
ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ گجرات پہنچنے کے بعد جناب مودی آج وڈودرا اور بھج میں بڑے پیمانے پر ایک روڈ شو بھی کریں گے۔
آکاشوانی کے خبروں کے شعبے سے بات کرتے ہوئے ویسٹرن ریلوے کے تعلقات عامہ کے چیف افسر وِنیت ابھیشیک نے بتایا کہ مینوفیکچرنگ پلانٹ سے نہ صرف بھارت کی، ریل انجن کی ضرورتیں پوری ہوں گی بلکہ ایسے کئی انجن بھی تیار کئے جائیں گے جنہیں افریقہ اور یوروپی ملکوں کو برآمد کیا جائے گا۔