وزیر اعظم نریندر مودی، برازیل کے شہر Rio de Janeiro میں 17وِیں برکس سربراہ کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔ اِس دو روزہ کانفرنس میں بہت سے عالمی رہنما حصہ لے رہے ہیں اور یہ آج شام شروع ہوئی ہے۔برازیل کے صدر Lula da Silva نے کانفرنس میں پہنچنے پر وزیر اعظم مودی کا خیر مقدم کیا۔
بعد میں، ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جناب مودی نے کہا کہ وہ Rio de Janeiro میں اِس سال کی برکس کانفرنس کی میزبانی پر، صدر Lula کے شکر گزار ہیں۔ جناب مودی نے کہا کہ برکس، اقتصادی تعاون اور عالمی بھلائی کا اب بھی ایک طاقتور وسیلہ ہے۔
کانفرنس کے دوران، بہت سے معاملات پر مذاکرات کئے جائیں گے، جن میں عالمی حکمرانی میں اصلاحات، آب وہوا میں تبدیلی سے متعلق چیلنجز اور مصنوعی ذہانت AI وغیرہ شامل ہیں۔
برکس، برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ پر مشتمل ہے۔ تین سال کے دوران، اِس گروپ میں توسیع ہوئی ہے اور ایران، مصر، نیز متحدہ عرب امارات اس میں شامل ہوئے ہیں۔ امید ہے کہ وزیر اعظم مودی، کانفرنس سے الگ عالمی رہنمائوں کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کریں گے۔ جناب مودی کانفرنس میں شرکت کے بعد، براسیلیا کا دورہ کریں گے، جو پچھلی تقریباً چھ دہائیوں میں کسی بھارتی وزیر اعظم کا پہلا دورہ ہوگا۔ اِس دورے میں وہ دونوں ملکوں کے درمیان اہم تعلقات میں گہرائی لانے کے مقصد سے برازیل کے صدر Lula da Silva کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔
ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جناب مودی نے کہا کہ وہ صدر Lula da Silva کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت کے منتظر ہیں تاکہ بھارت اور برازیل کے درمیان بہت سے بنیادی شعبوں میں اہم شراکت داری کو فروغ دیا جاسکے۔ اِن شعبوں میں تجارت، دفاع، توانائی، خلا، ٹیکنالوجی، زراعت، صحت اور عوام سے عوام کے درمیان رشتے شامل ہیں۔وزیر اعظم مودی ارجنٹینا کے اپنے کامیاب دورے کے بعد، پانچ ملکوں کے اپنے دورے کے چوتھے مرحلے میں آج صبح Rio de Janeiro پہنچے تھے۔ ارجنٹینا میں انھوں نے کَل Javier Milei سے نتیجہ خیز میٹنگ کی تھی۔ بھارت اور ارجنٹینا نے اپنی اہم شراکت داری میں مزید گہرائی پیدا کرنے اور مختلف میدانوں میں تعاون کو فروغ دینے سے اتفاق کیا تھا۔ ان شعبوں میں تجارت، دفاع، خلا، صحت اور دوا سازی شامل ہے۔ وزیر اعظم مودی نے ارجنٹینا کے دورے سے پہلے Trinidad and Tobago اور گھانا کا دورہ کیا تھا۔برازیل میں اپنی سرگرمیوں کے بعد، جناب مودی نامیبیا چلے جائیں گے جو پانچ ملکوں کے اُن کے دورے کی آخری منزل ہوگی۔