وزیر اعظم نریندر مودی نے زور دے کر کہا ہے کہ 140 کروڑ بھارتیوں کا اتحاد اور یگانگت، دہشت گردی کے خلاف ملک کی لڑائی میں، اُس کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ آکاشوانی پر کل اپنے ’من کی بات‘ پروگرام میں ملک سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے یقین دلایا کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کی سازش تیار کرنے والوں کو سخت ترین سزا دی جائے گی۔ اِس ماہ کی 22 تاریخ کو جموں و کشمیر کے پہلگام قصبے میں ایک دہشت گردانہ واقعے میں 26 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دہشت گردانہ حملے کے بعد بہت سے عالمی رہنماؤں نے اُن سے فون پر بات کی اور خطوط لکھے ہیں، جن میں اِس گھناؤنے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی گئی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت اور جموں و کشمیر کے دشمن، اِس بات سے خوش نہیں ہیں کہ کشمیر میں امن واپس آرہا ہے، جمہوریت مستحکم ہو رہی ہے اور سیاحوں کی تعداد ریکارڈ شرح پر بڑھ رہی ہے۔
جناب مودی نے اِس مہینے، آریہ بھٹ سیارچہ داغے جانے کے 50 سال پورے ہونے کے موقع پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک گگن یان، SpaDex اور چندریان-چار جیسے، کئی اہم مشنوں کی تیاری میں مصروف ہے۔ جناب مودی نے بتایا کہ بھارت، زہرہ کے مدار والے مشن اور مرّیخ پر اترنے والے سیارچے کے مشن پر بھی کام کر رہا ہے۔×