حکومت نے آج اگلی مردم شمار کے ایک حصے کے طور پر ذات سے متعلق معلومات فراہم کرنے کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیاسی امور سے متعلق کابینہ کمیٹی نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی صدارت میں اِس سلسلے میں یہ فیصلہ کیا۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے، کابینہ کے اِس فیصلے کے بارے میں بتایا۔
جناب ویشنو نے کہا کہ کچھ ریاستوں نے یہ کام بہت اچھی طرح کیا ہے، جبکہ کچھ دوسری ریاستوں نے محض سیاسی زاویے سے اِس طرح کے سروے کرائے ہیں، جو غیر شفاف طریقے سے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اِس طرح کے سرویز نے معاشرے میں شکوک و شبہات پیدا کئے ہیں۔
جناب ویشنو نے کہا کہ اِن تمام حقائق کے پیشِ نظر اور اِس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ ملک کے سماجی تانے بانے میں سیاست سے رخنہ نہ پڑے، سروے کے بجائے ذات سے متعلق معلومات کو مردم شماری میں شفافیت کے ساتھ شامل کیا جائے گا۔
اپوزیشن کانگریس کی نکتہ چینی کرتے ہوئے، جناب ویشنو نے کہا کہ اپوزیشن پارٹی کی حکمرانی والی حکومتوں نے بھی ہمیشہ ذات پر مبنی مردم شماری کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر سیاسی پارٹیوں نے ذات پر مبنی مردم شماری کی سفارش کی تھی۔ اس کے باوجود کانگریس حکومت نے ذات پر مبنی مردم شماری کے بجائے صرف ایک سروے کرانے کا ہی فیصلہ کیا تھا۔
مرکزی وزیر نے اطلاع دی کہ اقتصادی امور کی کابینہ کمیٹی CCEA نے شیلانگ سے سِلچر تک ایک نئی شاہراہ کو منظوری دی ہے، جس پر 22 ہزار 864 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
CCEA نے 2025-26 کے گنے کے سیزن کیلئے گنے کی شفاف اور منافع بخش قیمت کو بھی منظوری دی ہے، جو کسانوں کیلئے 335 روپے فی کوئنٹل ہے۔ x