NDA آج پٹنہ میں بہار اسمبلی انتخابات کیلئے اپنا چناؤ منشور جاری کرے گا۔

قومی جمہوری اتحاد NDA آج پٹنہ میں بہار اسمبلی انتخابات کے لیے اپنا انتخابی منشور جاری کرے گا۔ BJP کے قومی صدر جگت پرکاش نڈّا تمام پانچ اتحادی پارٹیوں کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ ملکر صبح ساڑھے 9 بجے انتخابی منشور جاری کریں گے۔ اس موقع پر JDU کے قومی صدر اور وزیراعلیٰ نتیش کمار، BJP کے بہار اسمبلی چناؤ کے انچارج دھرمیندر پردھان، ہندستانی عوام مورچہ کے سربراہ جیتن رام مانجھی، لوک جَن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے صدر چراغ پاسوان، راشٹریہ لوک مورچہ کے صدر اوپیندر کشواہا، JDU کے کارگزار صدر سنجے جھا، بہار BJP کے ریاستی صدر ڈاکٹر دلیپ جیسوال اور دیگر سینئر رہنما موجود ہوں گے۔

اس دوران ریاست میں خراب موسم کے حالات نے انتخابی مہم کو متاثر کیا ہے۔ پٹنہ اور ریاست کے دیگر علاقوں میں مسلسل بارش کے باعث انتخابی مہم کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔ خراب موسم کی وجہ سے مختلف سیاسی پارٹیوں کے کئی سینئر رہنماؤں نے کل اپنی ریلیاں ملتوی کر دی تھیں۔ آج NDA اور مہا گٹھ بندھن دونوں اتحاد کی سرکردہ شخصیات اور سینئر رہنماء چناؤ ریلیوں سے خطاب کریں گے۔

BJP کے قومی صدر جے پی نڈّا بہار میں آج لگاتار دوسرے دن NDA امیدواروں کی حمایت میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ جناب نڈّا بکسر اور پٹنہ ضلعے میں ریلیاں کریں گے۔

دوسری طرف وزیراعلیٰ کے عہدے کیلئے مہاگٹھ بندھن کے امیدوار تیجسوی پرساد یادو آج مونگیر، کھگڑیہ، بیگو سرائے اور سمستی پور میں 9 عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے جہاں پہلے مرحلے میں پولنگ ہونا ہے۔

اِدھر چناؤ مہم کے دوران NDA اور مہاگٹھ بندھن کے درمیان ایک دوسرے پر الزامات لگانے کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے۔ BJP نے انتخابی کمیشن کو ایک مراسلہ تحریر کیا ہے، جس میں کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔

بہار کے اعلیٰ انتخابی افسر کو بھیجے گئے اپنے مراسلے میں BJP نے الزام لگایا ہے کہ دربھنگہ اور مظفر پور میں عوامی جلسوں کے دوران راہل گاندھی نے جناب مودی کے خلاف توہین آمیز زبان کا استعمال کیا۔

پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ جناب راہل گاندھی کی چناؤ مہم پر پابندی لگائی جائے اور ساتھ ہی انھیں غیر مشروط معافی مانگنی چاہیے۔

اِدھر پٹنہ ضلعے کے موکاما اسمبلی حلقے میں چناؤ مہم کے دوران دو حریف سیاسی پارٹیوں کے کارکنوں کے درمیان جھڑپ میں ایک شخص کی موت ہوگئی۔ علاقے میں سیکیورٹی بڑھادی  گئی ہے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔