بین الاقوامی کرکٹ کونسل ICC نے، جن ٹی ٹوئنٹی میچوں کی مدت مختصر کردی جاتی ہے اُن کیلئے پاور پلے سے متعلق نئے اصولوں کا اعلان کیا ہے اور مختصر ترین وقت میں کھیلے جانے والے میچوں کی نئی شرطوں میں، محدود میدان میں منظور شدہ اووروں کی تعداد واضح طور پر بیان کی گئی ہے۔اِن ضابطوں کا اطلاق اگلے مہینے سے ہوجائے گا جن کے مطابق کسی ایک اننگز میں 8 اوورز کے مختصر کئے گئے میچ میں، دو اعشاریہ دو اوورز، پاور پلے کے تحت کھیلے جائیں گے، جس میں دو فیلڈر، تیس گز کے دائرے سے باہر ہوں گے۔
اِسی طرح پانچ اوور والی اننگز میں ایک اعشاریہ تین اوورز، پاور پلے کے تحت کھیلے جائیں گے۔ 10 اوورز کی کسی اننگز میں تین اوورز پاور پلے کے تحت کھیلے جائیں گے۔
15 اوورز کی اننگز کے تحت ICC کے تازہ ترین اصولوں کے مطابق چار اعشاریہ تین اوورز پاور پلے کے تحت کھیلے جائیں گے۔
مختصر کئے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ کا مطلب ہے وہ میچ، جو کسی رکاوٹ کے سبب اپنی مدت سے کم وقت میں کھیلے جاتے ہیں۔ اِن وجوہات میں زیادہ تر بارش، خراب روشنی یا کسی وجہ سے تاخیر شامل ہے۔