BJP نے کہا ہے کہ بھارت نے آپریشن سندور کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں پوری دنیا کو ایک فیصلہ کن پیغام دیا ہے۔ آج نئی دلّی میں پارٹی ہیڈکوارٹرس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے BJP کے ترجمان سمبِت پاترا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کو الگ تھلگ کرنے اور دہشت گردی سے نمٹنے کے بارے میں اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی خاطر 20 ملکوں کے رہنماؤں سے براہ راست رابطہ قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکہ اور کئی اسلامی ملکوں سمیت اِن سبھی ملکوں نے بھارت کے موقف کے تئیں اپنی حمایت کا اظہار کیا۔
جناب پاترا نے کہا کہ پہلگام کے دہشت گردانہ حملے کے بعد جناب مودی نے یہ وعدہ کیا تھا کہ بھارت 26 افراد کی موت کا بدلہ لے گا۔ جناب پاترا نے مزید کہا کہ بھارتی فوج نے اِس کارروائی کے ذریعے بے مثال دِلیری اور شجاعت کا مظاہرہ کیا اور ملک کے ہر شہری نے بھارتی فوج، فضائیہ اور بحریہ کا شکریہ ادا کیا ہے، جنہوں نے آپریشن سندور کی کامیابی کو یقینی بنایا۔ جناب سمبِت پاترا نے کہا کہ بھارت نے آپریشن سندور کے دوران پاکستان میں دہشت گردوں کے 9 ٹھکانوں کو تہس نہس کردیا۔ پارٹی ترجمان نے کہا کہ پہلی مرتبہ بھارت نے پاکستان کے صوبہئ پنجاب میں کارروائی کی ہے، جسے ملک کا مرکز مانا جاتا ہے۔ اِس طرح دہشت گردوں اور اُن کے کیمپوں کا صفایا کردیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپریشن سندور فوجی اور غیرفوجی دونوں طریقوں پر مشتمل ہے۔ غیرفوجی حکمتِ عملی کے حصے کے طور پر دریائے سندھ سے متعلق 1960 کے آبی سمجھوتے کو معطل رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اُس کی 80 فیصد زراعت کا انحصار آبی وسائل پر ہے۔ x