79 ویں یوم آزادی کی تقریبات کے حصے کے طور پر ملک بھر کے لوگ ہر گھر ترنگا مہم میں سرگرمی کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔
مرکز کے زیر انتظام لداخ میں، لداخ Taekwondo ایسوسی ایشن نے کل کرگل میں ترنگا ریلی نکالی۔ ریلی میں بھارت ماتا کی جئے، کھیلے گا انڈیا، بڑھے گا انڈیا کے نعرے لگائے گئے۔ جموں و کشمیر میں، راجوری ضلع انتظامیہ نے ہر گھر ترنگا مہم کے تحت کئی ترنگا ریلیاں نکالیں، جن میں زندگی کے تمام شعبوں اور سماج کے مختلف طبقوں کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بہار میں، پٹنہ میں سشستر سیما بَل اور بھارت-نیپال سرحد پر اس کی مختلف بٹالین نے ترنگا ریلی کا اہتمام کیا۔
تریپورہ کے اگرتلہ میں ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ اس ریلی میں تریپورہ اور شمال مشرقی خطّے سے تعلق رکھنے والے 45 گمنام مجاہدین آزادی کے مجسمے پر مشتمل جلوس توجہ کا اہم مرکز تھا۔ پورے مہاراشٹر میں، ’ہر گھر ترنگا‘ مہم حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ جاری ہے۔ گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل نے احمد آباد کے کبیر نگر میں زبردست ترنگا ریلی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ہاتھوں میں ترنگا پکڑے ہزاروں افراد اور تنظیموں نے اس ریلی میں شرکت کی۔ پانڈیچیری یونیورسٹی نے اپنے کیمپس میں انسانی زنجیر کے پروگرام کا انعقاد کیا۔ طلباء، اساتذہ اور انتظامی عملے کے افراد بڑی تعداد میں قومی پرچم تھامے ہوئے باہر نکلے۔×