قومی جانچ ایجنسی NIA نے، 26/11 کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے کیس میں سازش رچنے والے بڑے ملزم تہور حسین رانا کو کل شام نئی دلّی پہنچنے کے بعد باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا۔ اُسے امریکہ سے یہاں لایا گیا ہے۔ تہور رانا پاکستان نژاد کناڈا کا شہری ہے۔ اُسے یہاں پہنچنے پر طبّی جانچ کے لیے لے جایا گیا اور کل رات پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں NIA کے خصوصی جج کے سامنے پیش کیا گیا۔ عدالت نے اُسے 18 دن کے لیے NIA کی تحویل میں بھیج دیا ہے۔
NIA نے بھارت-امریکہ حوالگی معاہدے کے تحت رانا کو بھارت لانے کے لیے کارروائی شروع کی تھی اور اُس کے بعد سے وہ امریکہ میں عدالتی تحویل میں جیل میں بند تھا۔
اُس پر 2008 میں ممبئی میں تباہ کُن دہشت گردانہ حملے کرنے کے لیے David Coleman Headley عرف داؤد گیلانی اور دہشت گرد تنظیموں لشکر طیبہ اور حرکت الجہادِ اسلامی کے کارِندوں اور پاکستان میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ سازش رچنے کا الزام ہے۔ اِن جان لیوا حملوں میں مجموعی طور پر 166 افراد مارے گئے تھے اور 238 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔×