یوگ کا گیارہواں بین الاقوامی دن، آج ملک بھر میں اور دنیا کے مختلف حصوں میں انتہائی جوش و خروش اور وسیع تر شراکت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم نریندر مودی نے الگ الگ یوگ سیشنز میں حصہ لے کر تقریبات کی قیادت کی۔ اتراکھنڈ کے دہرہ دون میں منعقدہ ایک تقریب میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے حصہ لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ مرمو نے دنیا بھر میں یوگ کو فروغ دینے میں بھارت کے انتہائی اہم کردار کو اجاگر کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے آندھرا پردیش کے شہر وشاکھاپٹنم میں خوبصورت مناظر سے بھر پور سمندری سرحد کے کنارے کنارے یوگ کے مشترکہ پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے45 منٹ کے یوگ سیشن میں حصہ لیا، جس میں تین لاکھ سے زیادہ پُرجوش افراد نے شرکت کی۔ اتحاد کے ایک قابل ذکر منظر کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک کھلی فضا والے مقام پر اِن افراد نے پوری ہم آہنگی کے ساتھ یوگ کیا، جس کا مقصد گنیز ورلڈ ریکارڈس میں اپنی نوعیت کے سب سے بڑے اجتماع کیلئے ایک مقام حاصل کرنا تھا۔اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ آج یوگ، بڑھتے ہوئے دباؤ، بے چینی اور دنیا کے مختلف حصوں میں عدم استحکام کی صورتحال کے دوران امن کا ایک راستہ دکھاتا ہے۔ انہوں نے ایک پُرامن، متوازن اور پائیدار دنیا کی جانب پیش رفت کیلئے اجتماعی کوششیں کیے جانے پر زور دیا۔ جناب مودی نے کہا کہ یوگ، ایسا ہو، جو دنیا کی تنازعہ سے تعاون کی طرف رہنمائی کرے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یوگ وقفے کا ایک بٹن ہے، جس کی ضرورت انسانیت کو ہے تاکہ وہ سانس لے سکے، توازن قائم کرسکے اور پھر دوبارہ سے اپنا وجود پاسکے۔
جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ یوگ، صرف ایک نجی عمل بن کر نہیں رہنا چاہیے بلکہ اِسے عالمی شراکت داری کے ایک وسیلے کے طور پر ترقی دینی چاہیے۔ انہوں نے ہر ملک اور ہر معاشرے سے زور دے کر کہا کہ وہ اپنے طرز زندگی اور عوامی پالیسی میں یوگ کو مربوط کریں۔ جناب مودی نے کہا کہ اِس برس بین الاقوامی یوگ کے دن کا موضوع ہے: ’ایک زمین، ایک صحت کیلئے یوگ‘، جو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ دنیا موجودہ اور آنے والی نسلوں کیلئے ایک خوشحال اور صحت مند مستقبل کو حاصل کرنے کی غرض سے یکجا ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں یوگ کو پھیلانے کیلئے بھارت جدید تحقیق کے ذریعے یوگ کی سائنس کو مزید مستحکم کر رہا ہے اور ملک کے بڑے طبی ادارے، یوگ پر تحقیق کر رہے ہیں۔
Site Admin | June 21, 2025 9:54 PM
یوگ کا گیارھواں بین الاقوامی دن ملک بھر میں اور بیرون ملک کافی جوش وخروش اور شراکت کے ساتھ منایا گیا