یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کل لندن میں برطانیہ کے وزیر اعظم Keir Starmer کے ساتھ میٹنگ کی۔ میٹنگ کے دوران برطانیہ نے یوکرین کو 2 اعشاریہ 8 ارب امریکی ڈالر کا قرض دینے پر اتفاق کیا ہے۔ صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ اِس قرض سے یوکرین کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور اس کی ادائیگی روس کے منجمد اثاثوں سے پوری کی جائے گی۔ جناب زیلنسکی نے مزید کہا کہ اس فنڈ کو یوکرین میں ہتھیار تیار کرنے کی سَمت میں استعمال کیا جائے گا۔
یہ میٹنگ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ زوردار بحث کے ایک دن بعد ہوئی ہے اور اس میٹنگ نے جاری جنگ کے دوران یوکرین کے لیے برطانیہ کے عزم کا اعادہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا ہے۔
بات چیت کے دوران وزیر اعظم اسٹارمر نے یوکرین کے لیے برطانیہ کی طرف سے غیر متزلزل حمایت کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ نے یوکرین کی اُس وقت تک حمایت کرتے رہنے کا اعادہ کیا ہے جب تک اُس کو ضرورت ہو۔ جواب میں صدر زیلنسکی نے برطانیہ کی طرف سے حمایت کے لیے اُن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس طرح کے مضبوط ساجھے داروں اور دوستوں سے خوش ہیں۔×