یوکرین کے صدر وولودومیر زیلنسکی نے، روس کے ساتھ جنگ ختم کرنے کیلئے ایک امن منصوبے پر کَل رات فلوریڈا میں Mar-a-Lago کے مقام پر امریکہ کے اپنے ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ میٹنگ کی۔ امریکی صدر نے کہا کہ میٹنگ نہایت مثبت رہی اور روس-یوکرین امن بات چیت میں کافی پیشرفت بھی ہوئی، کیونکہ دونوں ہی ملک جنگ ختم کرنے کے حق میں ہیں۔ میٹنگ کے بعد میڈیا کے افراد سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امن بات چیت چند ہفتوں میں ختم ہونے کی امید ہے اور یہ بات چیت بہت ہی مشکل ثابت ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں لیڈروں نے اپنی میٹنگ کے دوران یوروپ کے بہت سے لیڈروں کے ساتھ فون پر بھی گفتگو کی تھی۔
صدر ٹرمپ نے یوکرین کے صدر کے ساتھ اپنی میٹنگ سے پہلے تقریباً ڈھائی گھنٹے تک روس کے صدر ولادیمیر پتن کے ساتھ بھی بات چیت کی۔
یوکرین کے صدر وولودومیر زیلنسکی نے کہا کہ دیرپا امن کے حصول کیلئے سکیورٹی کی ضمانت کافی اہمیت رکھتی ہے۔ امریکی صدر کے ساتھ ملاقات کے بعد ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جناب زیلنسکی نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اُن کی ٹیمیں تمام معاملات کو جو بات چیت کے دوران زیر بحث آئے، حتمی شکل دینے کیلئے اگلے ہفتے میٹنگ کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر اگلے مہینے واشنگٹن ڈی سی میں یوکرین اور یوروپی لیڈروں کی میزبانی کریں گے۔×