یوکرین پر روس کے ڈرون اور میزائل حملوں میں کم از کم 6 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ جنگ ختم کرنے کیلئے امریکہ کی قیادت والی کوششیں ناکام ثابت ہو رہی ہیں اور یوکرین کے صدر نے مزید غیر ملکی فوجی تعاون مانگا ہے۔ میڈیا کی خبروں میں کہا گیا ہے کہ روس کے سلسلے وار میزائل اور ڈرون حملوں نے یوکرین کے کم از کم آٹھ شہروں کو نشانہ بنایا۔
اسی دوران کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف اور روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے خصوصی اقتصادی نمائندے Kirill Dmitriev نے مغربی میڈیا کی اُن خبروں سے انکار کیا ہے، جس میں جناب پوتن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان بودا پیسٹ میں ایک سربراہ میٹنگ کی تجویز مسترد کرنے کی بات کہی گئی ہے۔ جناب پیسکوف نے کہا ہے کہ مجوزہ سربراہ میٹنگ کی بہتر تیاری ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی وقت ضائع نہیں کرنا چاہتا، نہ تو صدر ٹرمپ اور نہ ہی صدر پوتن۔ جناب ٹرمپ نے کہا تھا کہ پتن کے ساتھ اُن کی میٹنگ پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے کیونکہ وہ یہ نہیں چاہتے ہیں کہ وقت ضائع ہو۔