یوروپی کونسل کے صدر Antonio Luis Santos da Costa اور یوروپی کمیشن کی صدر Ursula von der Leyen اِس مہینے کی 26 تاریخ کو کرتویہ پتھ پر 77ویں یومِ جمہوریہ تقریبات کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر یہ دونوں لیڈر اِس مہینے کی 25 تاریخ سے بھارت کے تین روزہ سرکاری دورے پر ہوں گے۔
بھارت کے اپنے دورے کے دوران یہ لیڈر اِس مہینے کی 27 تاریخ کو سولھویں بھارت-یوروپی یونین چوٹی کانفرنس کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔ صدر Costa اور صدر Von der Leyen، صدر جمہوریہ سے ملاقات کریں گے اور بات چیت بھی کریں گے۔ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ وفود کی سطح کی بات چیت بھی کریں گے۔ بھارت-یورپی یونین چوٹی کانفرنس کے موقع پر بھارت-یوروپی یونین کاروباری فورم کا ایک اجلاس بھی منعقد کئے جانے کی توقع ہے۔ وزارتِ خارجہ نے کہا کہ بھارت اور یوروپی یونین 2004 کے بعد سے جامع شراکت دار رہے ہیں۔ پندرھویں بھارتی-یوروپی یونین چوٹی کانفرنس، ورچوئل طور پر 15 جولائی 2020 کو منعقد ہوئی تھی۔
گذشتہ سال فروری میں یوروپی یونین کالج آف کمشنرس کے بھارت کے تاریخی دورے کے بعد، مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات، وسیع اور گہرے ہوئے ہیں۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ 77ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر یوروپی یونین کے لیڈروں کی مہمان خصوصی کے طور پر شرکت اور سولھویں بھارت-یوروپی یونین چوٹی کانفرنس، بھارت-یوروپی یونین جامع شراکت داری کو مزید گہرا کرے گی نیز باہمی مفاد کے ترجیحی شعبوں میں تعاون کو بڑھائے گی۔