ہماچل پردیش کے کئی حصوں میں شدید بارش ہونے سے پانی بھر جانے، سیلاب کے حالات پیدا ہونے اور چٹانوں کے ٹکڑے گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ روز مرہ کی زندگی شدید طور پر متاثر ہوئی ہے۔ ریاست کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق چٹانوں کے ٹکڑے گرنے کی وجہ سے 2 قومی شاہراہیں اور 482 سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔ بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے۔ موسمیات محکمے نے ریاست میں اِس مہینے کی 30 تاریخ تک تیز بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
ہماچل پردیش میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور فوری طور پر راحت ملنے کے کوئی آثار نہیں ہیں۔ شملہ کے موسمیاتی مرکز نے ریاست کے 10 ضلعوں کے لیے اگلے 12 گھنٹے میں بہت تیز بارش کے امکان کے مدِّ نظر اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔ اِن میں بلاسپور، ہمیر پور، کانگڑہ، کنّور، کلّو، منڈی، شملہ، سرمور، سولن اور اونا شامل ہیں۔ شدید بارش کی وارننگ کے مدِّ نظر بچوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ریاست کے 7 ضلعوں میں آج تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔