گوا میں Bardez تعلقہ میں Arpora کے مقام پر ایک کلب میں زبردست آگ لگنے سے 25 افراد کی موت ہوگئی، جبکہ کئی لوگ زخمی ہوئے۔ مقامی حکام نے اِس پر قابو پانے کیلئے فوری طور سے کارروائی کی۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ اِس واقعے کے تناظر میں کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں۔
ریاست کے وزیرِ اعلیٰ پرمود ساونت نے جائے حادثہ کا دورہ کرنے کے بعد مجسٹریٹ کے ذریعے انکوائری کرائے جانے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے متاثرہ کنبوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جوابدہی کو یقینی بنانے اور قصور وار افراد کے خلاف کارروائی کیلئے بھرپور کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ زخمی افراد کی حالت میں استحکام ہے اور انہیں بہتر سے بہتر طبی علاج معالجہ فراہم کیا جارہا ہے۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اِس واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے اور سوگوار کنبوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ جناب مودی نے وزیرِ اعظم کے قومی امدادی فنڈ سے مرنے والوں کے لواحقین کیلئے دو – دو لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے، جبکہ زخمیوں کو 50 – 50 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔