گجرات میں احمد آباد طیارہ حادثے میں اب تک مسافروں اور مقامی باشندوں کے رشتے داروں کے کُل 250 خون کے نمونے لئے گئے ہیں۔ اِن میں سے 62 مہلوکین کے DNA نمونے ملائے جاچکے ہیں۔ 35 افراد کی لاشوں کو اُن کے اہل خانہ کے سپرد کیا جاچکا ہے۔ اب صرف تین مسافروں کے رشتے داروں کے نمونے لئے جانے باقی ہیں۔ اِن مسافروں کے رشتے دار فی الحال برطانیہ میں ہیں۔ اگلے دو سے تین کے روز کے دران اُن کے نمونے بھی لے لئے جائیں گے۔
ریاستی وزیر داخلہ ہرش سنگھوی نے تصدیق کی ہے کہ گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی کا DNA نمونہ بھی ملایا جاچکا ہے۔ گاندھی نگر فورینسک سائنس لیباریٹری میں لگاتار چوبیس گھنٹے سے DNA نمونوں کو ملانے کا عمل جاری ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے پرنسپل سکریٹری P.K. مشرا نے آج صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ ریاستی پولیس سربراہ وکاس سہائے نے جناب مشرا کو پورے واقعے کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔
اس دوران ہوائی جہازوں کے حادثات کی تحقیقات کے بیورو AAIB کے ایک افسر نے بھی جناب مشرا کو تحقیقات کی پیش رفت اور دیگر اہم معلومات کے بارے میں مطلع کیا۔ جناب مشرا نے ہاسٹل mess کا بھی دورہ کیا۔ اس دوران سابق وزیر اعلیٰ وجئے روپانی کے اعزاز میں کل گجرات میں ایک روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیاہے۔ کل، تمام عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ وجئے روپانی کی آخری رسوم کل شام پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔
طیارہ حادثے میں ہلاک ہوئے مسافروں کے قانونی وارثوں کو بیمے کی رقم کی ادائیگی اور بیمہ دعوے میں مدد فراہم کرنے کیلئے ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بیمے کی ادائیگی میں مدد فراہم کرنے کیلئے نوڈل آفیسرز مقرر کیے گئے ہیں۔
Site Admin | June 15, 2025 9:51 PM
گجرات میں احمد آباد طیارہ حادثے میں اب تک مسافروں اور مقامی باشندوں کے رشتے داروں کے کُل 250 خون کے نمونے لئے گئے ہیں