گجرات میں، ووٹر فہرستوں پر خصوصی تفصیلی نظرثانی SIR کا عمل مکمل ہونے کے قریب ہے۔ ووٹر فہرستوں کا مسودہ کل شائع کیا جائے گا۔ ریاست میں SIR کی یہ مہم 27 اکتوبر کو شروع ہوئی تھی اور اس کے تحت تصدیق کا مرحلہ کامیابی کے ساتھ پورا ہو گیا ہے۔ سبھی 33 ضلعوں اور 182 اسمبلی حلقوں میں تصدیق کا کام 100 فیصد مکمل ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
گجرات کے اعلیٰ چناؤ افسر نے کہا ہے کہ کل ووٹر فہرستوں کا مسودہ شائع ہونے کے بعد سے اگلے مہینے کی 18 تاریخ تک دعوے اور اعتراضات داخل کیے جا سکیں گے۔
گجرات میں، ذاتی معلومات سے متعلق 5 کروڑ 8 لاکھ فارم تقسیم کیے گئے تھے، جن میں سے 4 کروڑ 34 لاکھ فارم رائے دہندگان نے جمع کرا دیے ہیں۔ اِن فارمز کو پوری طرح ڈیجیٹل شکل دے دی گئی ہے۔ تفصیلی عمل کے دوران حکام نے 18 لاکھ سے زیادہ ایسے رائے دہندگان کا پتہ لگایا، جن کی موت ہو چکی ہے، جبکہ 9 لاکھ 60 ہزار رائے دہندگان موجود نہیں تھے۔ اس کے علاوہ تقریباً 40 لاکھ ایسے رائے دہندگان کا پتہ لگایا گیا، جو مستقل طور پر دیگر مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تین لاکھ 80 ہزار ڈپلیکیٹ معاملات کا بھی پتہ لگایا گیا اور چناؤ فہرستوں کو درست کرنے کی خاطر ایسے ناموں کو ہٹانے کا عمل شروع کیا گیا۔