کولمبو سکیورٹی کنکلیو کی قومی سلامتی مشیروں کی ساتویں میٹنگ آج صبح نئی دلّی میں شروع ہوئی۔ قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوبھال ممبر ملکوں کے اپنے ہم منصب عہدیداروں کی میزبانی کررہے ہیں۔ اِن میں مالدیپ، ماریشس، سری لنکا اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ اِس کے علاوہ، سیشلز مشاہد ملک کے طور پر شرکت کررہا ہے، جبکہ ملیشیا کو مہمان ملک کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
کنکلیو سے خطاب کرتے ہوئے، جناب دوبھال نے کہا کہ تیزی کے ساتھ بدلتے ہوئے اور چیلنج والے عالمی سکیورٹی ماحول میں کولمبو سکیورٹی کنکلیو کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ چونکہ آج کے دور میں ممالک مشترکہ بحری جغرافیہ کے ذریعے منسلک ہیں، اِس لئے ممبر ملکوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ خطے میں استحکام، سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
بحرِ ہند کے خطے میں علاقائی سکیورٹی کو بڑھانے کی خاطر ساجھیداری کو مستحکم بنانے اور سکیورٹی کے اہم معاملات پر ممبر ملکوں کے درمیان قریبی اشتراک کو فروغ دینے کیلئے کولمبو سکیورٹی کنکلیو قائم کیا گیا تھا۔