کواڈ وزرائے خارجہ نے آزاد اور کھلے بھارت- بحرالکاہل کے تئیں اپنے عزم کو دہرایا ہے اور بزور طاقت یا زبردستی موجودہ صورتحال میں تبدیلی کی کسی بھی یکطرفہ کوششوں کی مخالفت کی ہے۔ رکن ممالک نے مشرقی بحیرہئ چین اور جنوبی بحیرہئ چین کی صورتحال کے بارے میں گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے قانون کی حکمرانی کے دفاع، سالمیت اور علاقائی یکجہتی کے تئیں اپنے عزم کو ظاہر کیا۔ بیان میں جنوبی بحیرہئ چین میں خاص طور پر پانی کی تیز بوچھار کے غیر محفوظ استعمال اور رکاوٹیں پیدا کرنے والی سرگرمیوں جیسی خطرناک اور اشتعال انگیز کارروائیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ رکن ممالک نے مزید کہا کہ اِن کارروائیوں سے خطے میں امن واستحکام کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔
انہوں نے جہاز رانی اور مخصوص علاقوں کے اوپر اڑان بھرنے کی آزادی، سمندر کے دوسرے قانونی استعمال اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اور بلا روک ٹوک کامرس کی لگاتار سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا، جیسا کہ اقوام متحدہ کے سمندری قوانین سے متعلق چارٹر، UNCLOS میں بیان کیاگیا ہے۔ رکن ممالک نے بین الاقوامی قانون کے مطابق بحری تنازعات کے پرامن تصفیے کی بھی بات کہی۔