کنیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے آج نئی دلّی میں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ اِس موقع پر جناب مودی نے کہا کہ اُن کے دورے سے بھارت-کنیڈا باہمی ساجھے داری کو نئی رفتار دینے کی موجودہ کوششوں کو تقویت ملے گی۔ وزیر اعظم نے G7 سربراہ میٹنگ میں شرکت کیلئے اِس سال جون میں کنیڈا کے اپنے دورے کا ذکر کیا۔ اُس وقت انھوں نے کنیڈا کے وزیر اعظم Mark Carney کے ساتھ انتہائی مفید بات چیت کی تھی۔ جناب مودی نے تجارت، توانائی، ٹیکنالوجی، زراعت اور عوام سے عوام کے رابطوں کے شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان اشتراک میں اضافے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔وزیر اعظم نے کنیڈا کے اپنے ہم منصب کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ مستقبل میں ہونے والی ملاقات کے منتظر ہیں۔اِس سے قبل دن میں، وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر نے کنیڈا کی اپنی ہم منصب انیتا آنند کے ساتھ بات چیت کی۔ ڈاکٹر جئے شنکر نے بات چیت کے آغاز میں کہا کہ گذشتہ کچھ مہینوں کے دوران، بھارت-کنیڈا تعلقات میں لگاتار پیشرفت ہوئی ہے اور دونوں ملک ساجھے داری کو آگے بڑھانے کیلئے درکار نظام کو بحال کرنے اور اِسے پھر سے سرگرم بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کا نظریہ ایک مثبت طرزِ فکر کے ساتھ آگے بڑھنے کا ہے۔
ڈاکٹر جئے شنکر نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں طرفین نے تجارت، سرمایہ کاری، سول ایٹمی اشتراک، آرٹیفشل انٹلیجنس اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں اشتراک کیلئے ایک بڑا خاکہ تیار کیا ہے۔