بھارت نے کل شام دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ایشیاء کپ کے گروپ-اے کے اپنے مقابلے میں پاکستان کے خلاف 7 وکٹ سے شاندار جیت حاصل کی اور اس طرح وہ سُپر فور میں جگہ بنانے کے قریب پہنچ گیا ہے۔ ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے بلّے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی پوری ٹیم نے 20 اوورس میں محض 127 رن بنائے، جبکہ بھارت کے سلامی بلّے باز ابھیشیک شرما کی دھواں دھار بلّے بازی اور 13 گیندوں میں 31 رن اور کپتان سوریہ کمار یادو کے 47 رن کی بدولت بھارت کو 25گیند پہلے ہی میچ میں کامیابی مل گئی۔
میچ کے بعد اپنے بیان میں کپتان سوریہ کمار یادو نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کا حوالہ دیتے ہوئے اس جیت کو بھارت کی مسلح افواج کے نام وقف کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم متاثرین کنبوں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے آپریشن میں شامل فوجی عملے کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
یہ جیت متحدہ عرب امارات کے خلاف بھارت کی شاندار کارکردگی کے بعد سامنے آئی، جہاں انہوں نے میزبان کی پوری ٹیم کو محض 57 رن پر آؤٹ کر دیا تھا۔ بھارت تقریباً سُپر فور میں جگہ بنانے کے قریب پہنچ گیا ہے اور اُس کا مقصد اپنے اس جذبے کو برقرار رکھنا ہے۔ اگلا میچ 16 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلا جائے گا۔×