کامرس اور صنعتوں کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل آزادانہ تجارت کے اپنے مجوزہ سمجھوتے کو دو مرحلوں میں نافذ کرنے پر غور کررہے ہیں تاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ دونوں ملکوں کی کاروباری برادری کو، اِس کے فائدے جلد حاصل ہوسکیں۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ اِس بات کا قوی امکان ہے کہ آزاد تجارت کے سمجھوتے کے پہلے مرحلے پر جلد عمل درآمد کیا جائے گا تاکہ اِس کے فائدے تیزی کے ساتھ مل سکیں۔ جناب پیوش گوئل نے کہا کہ بھارت ایک بھروسے مند دوست اور دنیا کے قابلِ اعتماد ساجھیدار کے طور پر ابھر رہا ہے۔
بھارت اور اسرائیل نے مذکورہ سمجھوتے کیلئے باضابطہ طور پر مذاکرات شروع کرنے کی خاطر جمعرات کو اِس کے دائرہئ کار کی شرائط پر دستخط کئے ہیں۔ اِس میں محصولاتی اور غیرمحصولاتی بندشوں کو ہٹاکر سامان کیلئے مارکیٹ رسائی، سرمایہ کاری کیلئے سہولت، کسٹمز طریقہئ کار کو سہل بنانا، اختراع اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کیلئے تعاون میں اضافہ کرنا نیز خدمات کے شعبے میں تجارت کو فروغ دینے کے ضابطوں کو سہل بنانا شامل ہے۔