شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل DGCA نے ملک میں ایئربس A320 طرز کے طیاروں کی پروازوں کو فوری طور پر اُس وقت تک روکنے کا حکم دیا ہے، جب تک کہ ایئرلائن لازمی حفاظتی تبدیلی کا عمل مکمل نہیں کرلیتی ہے۔ آج جاری کردہ اس اہم اقدام میں ایئربس A318، A319، A320 اور A321 کے بیڑے شامل ہیں۔ آپریٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اچھی طرح کی جانچ پڑتال اور مرمت کے عمل کے مکمل ہونے تک طیاروں کو گراؤنڈ پر ہی رکھیں۔ ایئربس نے اپنے A320 بیڑے کے ہزاروں طیاروں کی فوری مرمت کا حکم دے دیا ہے، جس کی وجہ سے بھارت کی متعدد ایئرلائنز کو بھی پروازوں میں خلل کا سامنا ہے۔ اندازہ ہے کہ دنیا بھر میں تقریباً 6ہزار طیارے اس سے متاثر ہوں گے۔
ایئربس نے یہ ہدایت ایک A320 طیارے کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد جاری کی ہے، جس میں شمسی تابکاری کے ممکنہ خطرے کے بارے میں معلوم ہوا تھا، جو اہم فلائٹ کنٹرول کے ڈیٹا کو متاثر کرسکتی ہے۔ ایئربس کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ 2 سے 3 دن میں مکمل ہوجائے گا۔