چین نے آج امریکہ سے درآمد ہونے والے سبھی سامان پر جوابی اقدام کے طور پر اضافی 84 فیصد محصول عائد کیا ہے، جس کا اطلاق آج آدھی رات سے ہوگا۔ امریکی صدر کی جانب سے چین کے سامان پر 104 فیصد محصول نافذ کئے جانے کے پیشِ نظر آج اس سے قبل دن میں چین کے امریکہ پر دھمکی آمیز طور طریقوں کا الزام لگائے جانے کے بعد یہ اقدام سامنے آیا ہے۔ چین نے مبینہ طور پر کہا ہے کہ امریکہ نے عالمی تجارتی نظام اور عالمی صنعتی اور سپلائی چینز کی سکیورٹی اور استحکام کو سنگین نقصان پہنچایا ہے۔
یوروپی یونین نے امریکہ سے درآمد ہونے والے کچھ سامان پر محصول نافذ کئے جانے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ EU کے ممبر ملکوں نے جوابی اقدام کے طور پر امریکہ کی مختلف اشیاء پر 25 فیصد محصول کی منظوری دے دی ہے۔
امریکہ نے یوروپی یونین کے اسٹیل اور المونیم کی درآمدات پر اِسی طرح محصول نافذ کیا ہے۔ اِن نئے محصولات سے 20 اعشاریہ 9 ارب یورو مالیت کا سامان متاثر ہوگا۔
اِس سے متعلق ایک واقعے میں جنوبی کوریا کے تجارت کے وزیر Cheong In-Kyo، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ٹیم کے ساتھ محصولات سے متعلق بات چیت کیلئے واشنگٹن میں ہیں۔
جنوبی کوریا، امریکہ کو بڑی تعداد میں موٹر گاڑیاں اور الیکٹرانک ساز و سامان فروخت کرتا ہے اور اُسے 25 فیصد محصول کا سامنا ہے۔ x